لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ڈرنے والے نہیں۔ کہا تھا نہیں جھکوں گا، مزید ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ آج کے روز ختم کرنے کا حکم دیدیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کل دن 11 بجے سے دوبارہ سے شروع ہو گا، لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بھاگنے یا ڈرنے والے نہیں، کہا تھا کہ نہیں جھکوں گا، اب پھر کہ رہا ہوں مزید ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی خیریت دریافت کرنے شوکت خانم ہسپتال پہنچ گئے
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے شوکت خانم ہسپتال میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی کا شکر ہے دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے۔ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے لئے دعا گو ہے۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر تشویش ہے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتا ہوں، خیریت سے ہوں۔