راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ سے قبل مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے، اس دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج کے باعث کارکنوں نے موٹروے اور دیگر سڑکوں کو بند کیا ہوا ہے، جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
دوسری طرف ملکی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی میں دو روز کی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، منگل اور بدھ کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج
اس سے قبل راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر آگئے، لاہور اور پشاور موٹروے سمیت متعدد سڑکیں ٹائر جلا کر بلاک کر دیں۔
گلزار قائد ایئرپورٹ روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے سڑک بلاک کردی گاڑیوں کا رش لگ گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے علامہ اقبال پارک کے باہر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مری روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، سڑک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
پی ٹی آئی کا آئی جے پی روڈ پر احتجاج صوبائی وزیر راجہ بشارت کی سربراہی میں جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کے آئی جے پی سے اسلام آباد جانے والی سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ اسی طرح پیروھادائی پر بھی مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردئیے ہیں۔