لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے ملاقات کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیر رہنما کے درمیان ملاقات لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ پر ہوئی۔
اس ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کو 17 سال پہلے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، ہمارا اور اعتزاز احسن کا نظریہ ایک ہی ہے، اعتزاز احسن کا مستقبل ہمارے ساتھ ہے۔ اعتزاز احسن میرے وکٹ کیپر ہوا کر تے تھے، پی پی سینئر رہنما کرکٹ کو بخوبی جانتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ جب عمران خان پر فائرنگ ہوئی تو اس وقت ٹی وی دیکھ رہا تھا، جب فائرنگ کی اطلاع ملی تو ٹی وی انہماک سے دیکھنا شروع کر دیا، ملزم نوید کے ویڈیو بیان کے بعد مجھے فون آیا تو میں نے کہا کہ طوطا بول رہا ہے۔
اعزاز احسن نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم پر حملے کی ایف آئی آر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 5 دن تک ایف آئی آر درج نہ ہونے پر ایس ایچ او کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، قانون کے مطابق مدعی جو ایف آئی آر درج کرانا چاہے من و عن لکھی جائے۔ حملے کے 20 منٹ بعد پولیس ایک طوطا سامنے لے آئی جس نے قبول کیا کہ وہ اکیلا تھا اور اس نے ہی گولی چلائی، اس طوطے اور بیان ریکارڈ کرنے والے کی زندگی کو خطرہ ہے۔