پی ٹی آئی احتجاج، سڑکیں بند، وفاقی وزارت داخلہ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کو خط

Published On 08 November,2022 04:35 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث وفاقی وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا جس میں سڑکیں بند کرنے کے حوالے سے جلد اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کو لکھے گئے خط کے مطابق تمام شہریوں کو صوبے میں آزادانہ آمدورفت کا بنیادی حق حاصل ہے، اس سے قبل بھی خط لکھا گیا تھا کہ پنجاب حکومت ایسے اقدامات اٹھائے کہ شہری بلا خوف آمدورفت جاری رکھ سکیں، پنجاب میں مظاہرین کی سڑکیں بند کرنے کی وجہ سے موٹر ویز اور ہائی ویز بند ہوگئے ہیں جس عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مراسلہ کے مطابق سڑکیں بند ہونے سے بچوں کو سکول جانے میں مشکلات کا سامنا ہے، سڑکیں بند ہونے سے معاشی سرگرمیاں بھی بند ہیں، آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت شہریوں کو آزادنہ نقل و حمل کےلئے تحفظ فراہم کیا جائے اور مظاہروں کی روک تھام کی جائے، اگر پنجاب حکومت اقدامات میں ناکام رہتی ہے تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

وزارت داخلہ کے مطابق دونوں صوبوں کی آئینی ذمہ داری ہے کہ امن و امان قائم رکھیں، صوبائی حکومتیں مظاہرین کو نہ ہٹا کر اپنے آئینی کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں، آئین عوام کی آزادی سے آمد ورفت کی اجازت دیتا ہے۔

وزارت داخلہ نے دونوں صوبوں کو فوری طور پر مداخلت کت کے روڈ کھلوانے کا کہا ہے۔

 راولپنڈی: پی ٹی آئی کا دھرنا جاری، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند

وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں پی ٹی آئی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف راولپنڈی کے مری روڈ پر پارٹی کارکنوں کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے سڑک بند ہونے سے ٹریفک کا نظام آج بھی درہم برہم ہے جبکہ دھرنے کی وجہ سے شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنان گزشتہ رات سے مری روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ مرکزی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے اسلام آباد جانے والا راستہ بھی بند ہے۔ احتجاج کے باعث مری روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ اور شمس آباد کے قریب کاروباری مراکز مکمل بند ہیں جب کہ جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے مری روڈ اقبال پارک کے مقام پر بھی دونوں جانب سے بند ہے۔ اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ، پیرودھائی موڑ روڈ اور سلپ ٹرن کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اُدھر ٹیکسلا جی ٹی روڈر تہ شاہ مارگلہ کے مقام پردونوں اطراف سے بندہے۔

دوسری جانب سرائے کالا چوک بھی احتجاج کے باعث بند ہے۔ اولڈ ائرپورٹ روڈ گلزار قائد دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ جہلم روڈ سواں اور کچہری چوک کی جانب ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ راولپنڈی مال روڈ و پشاور روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کارکنوں کا موٹروے ایم 2 پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے، جس میں مظاہرین نے ٹائر اور موٹروے کے اطراف میں لگیں جھاڑیاں اور درخت جلا ڈالے ، جس سے ایم 2 موٹروے دونوں طرف سے بند ہوگیا، شہریوں و مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

موٹر وے کے دونوں جانب ٹریفک کی لمبی قطاریں رات سے موجود ہیں، جس میں درجنوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ موٹروے بند ہونے سے شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔

 واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر اسمبلی واثق قیوم نے گزشتہ روز موٹر وے پر دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ موٹروے ایم 2 بندش سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ جانے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

Advertisement