صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف کا علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش

Published On 09 November,2022 09:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم اقبال کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اقبالؒ کے نظریات، اقدار، نئی سوچ نے کئی نسلوں کو متاثر کیا، شاعر مشرق کا خواب قائد اعظم کی متحرک قیادت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے کیلئے مشعل راہ ہے، شاعر مشرق نے نوجوانوں کو عظمت حاصل کرنے، نئے امکانات کی تلاش کا درس دیا، ہمیں یوم اقبال پر ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو دوبارہ ترتیب دینے کا عہد کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم آج علامہ اقبال کا یوم پیدائش عقیدت واحترام سے منا رہی ہے، اقبال نے نوجوانوں کو اسلاف کی قربانیوں ،عظمت اور کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا،شاعر مشرق نے امت کے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو علم و تحقیق کی منازل طے کرنے کی تلقین کی، مسملمانوں کیلئے برصغیر پاک وہند میں ایک علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا، شاعر مشرق کا پاکستان امن کا گہوارہ ، سیاسی برداشت اور بھائی چارے کا پاکستان تھا۔

بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شاعر مشرق کے یوم پیدائش پر علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ ایک ناقابل تسخیر تحریک اور پیغام ہے،، شاعر مشرق نے معاشرے میں سیاسی بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق پیدا کرنے کا درس دیا، جھوٹ، نفرت اور ذاتی و گروہی مفادات پر مبنی سیاست کو مسترد کیا، پاکستان کو تصور اقبال کی روشنی میں ایک رول ماڈل جمہوری ملک بنائیں گے۔

عبدالقدوس بزنجو
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنے کلام میں مسلمانوں کو جرات اور بہادری کا درس دیا، شاعر مشرق نے سب سے پہلے دو قومی نظریے کا تصور پیش کیا، اقبال کی شاعری اور فلسفہ خودی نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
 

Advertisement