اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا عمل مکمل ہوگیا، کل 12 سو 11 نشستوں پر 3 ہزار 866 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 101 نشستوں کیلئے 537 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔
جنرل ممبرز کی 606 نشستوں کیلئے 1 ہزار 945، خاتون ممبر زکی 202 نشستوں کیلئے 546 اور نوجوان ممبرز کی 101 نشستوں کیلئے 344 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
مزدور اور کسان ممبر زکی 101 نشستوں کیلئے 348 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کیئے جبکہ اقلیتوں کیلئے مخصوص 101 نشستوں کیلئے 146 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شیڈول کے تحت امیدواروں کی فہرست 14 نومبر کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 نومبر تک جاری رہے گی۔