وزیر آباد: (دنیا نیوز) مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں لوگ نہیں نکل رہے تو پھر وفاقی حکومت کیوں پریشان ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت لانگ مارچ کے نام سے خوف زدہ ہے، حکومت کا پراپیگنڈہ ہے کہ لانگ مارچ میں لوگ نہیں نکل رہے تو پھر وفاقی حکومت کیوں پریشان ہے۔ وفاقی حکومت پچھلے تین ماہ سے خوف زدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال تھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد لوگ نہیں نکلیں گے لیکن حملہ کے بعد لانگ مارچ میں پہلے سے زیادہ لوگ نکلے۔ ہم نے پہلے دن سے کہا تھا الیکشن کی تاریخ دیں تو پھر بات چیت ہو سکتی ہے۔ وفاق میں جو جتھہ اقتدار پر قابض ہے ان سے کسی قسم کی بات نہیں ہو سکتی تا وقت کہ الیکشن کی تاریخ نہ دی جائے۔
عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات دے رہی ہے، زخمیوں کو صحتیاب ہونے پر عمران خان سے ملوایا جائے گا۔
اس سے قبل عمر سرفراز چیمہ نے لانگ مارچ میں فائرنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے معظم گوندل کے گھر جا کر ان کے گھر والوں سے تعزیت کی، انہوں نے معظم کے بچوں کو پیار کیا اور والدین کو دلاسہ دیا۔
مشیر داخلہ لانگ مارچ میں گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے بچے اریب شکیل اور محنت کش لیاقت مہر کے گھر بھی گئے، زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔