اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) عمران خان پر حملے اور ارشد شریف قتل کے حوالے سے تسنیم حیدر نامی شخص کے بیانات پر نئی بحث چھڑ گئی اور ن لیگ کا شدید رد عمل دے دیا، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصویر میں دکھائی دینے والے شخص کو پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تسنیم حیدر نامی شخص پاکستان مسلم لیگ (ن) لندن کا ترجمان نہیں ہے اور نہ ہی اس کا ہماری جماعت سے کوئی تعلق ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تسنیم حیدر کے پاس ثبوت ہیں تو جے آئی ٹی کے قانونی فورم پر پیش کریں، کوئی شخص زبردستی پارٹی ترجمان بننے کی کوشش نہ کرے، تصویر میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر ہے، برطانیہ میں جھوٹی خبر اس ڈر سے نشر نہیں کرتے کیونکہ پہلے بھی جھوٹ پر جرمانے بھر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلسازی، جھوٹ اور فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی۔
مسلم لیگ برطانیہ کے صدر زبیر گل نے اس حوالے سے کہا کہ تسنیم حیدر کے الزامات مذاق ہیں، یہ ڈرامہ ارشد شریف کے اصل قاتلوں پر سے توجہ ہٹانے کیلئے رچایا گیا ہے، تسنیم حیدر کے دائیں اور بائیں بیٹھے دونوں افراد پاکستان تحریک انصاف کے لیڈرز ہیں، تسنیم حیدر کے ساتھ ایک شخص وہ ہے جس نے گزشتہ دنوں پاکستانی فوج کی قیادت کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کا ریکارڈ ہے کہ یہ ہر دن پولیس سٹیشنوں میں درخواستیں دیتے ہیں، یہ افراد دو ہفتہ قبل سکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس بھی گئے، لیکن ان کے ریکارڈ کے سبب انہیں اندر بھی داخل ہونے نہیں دیا گیا تھا، تسنیم حیدر نے یہ الزامات مسلم لیگ کے ایک ورکرز سے حسد کے سبب لگائے ہیں۔