لاہور: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر فل بنچ تشکیل دے دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں فل بنچ سماعت کرے گا، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس ساجد محمود شامل ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں شہری جابر علی نے وکیل اظہر صدیق کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے اثاثوں سے متعلق فارم بی سے مطابقت نہیں رکھتیں، تحائف کتنے میں بیچے، کس کو بیچے، کب بیچے، عمران خان کی دی گئی تفصیلات اسٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کئے گئے ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتیں،
فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے تحفے بیچے، رقم کیش میں لی، چالان بھی دیئے کہ رقم بینک میں آئی مگر جو رقم بینک میں آئی وہ اصل رقم کے نصف سے بھی کم ہے۔