استنبول: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، استنبول انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر استنبول کے نائب گورنر محمود حرسانلی اولو، اعلیٰ ترک سول و عسکری حکام، پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں، اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ایردوان استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لئے چار ملجم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی ملجم منصوبہ پاکستان ترکی اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل پاک بحریہ کے لئے پہلے کارویٹ ’پی این ایس بابر ‘کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں منعقد ہوئی جبکہ دوسرے جہاز ’پی این ایس بدر‘ کی تعمیر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا۔
بعد ازاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم ترکیہ کی تاجر برادری کے وفد اور ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک (ای ٹی ڈی بی ) کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ترکیہ میں رہنا گھر جیسا محسوس ہوتا ہے، پاکستان اور ترکیہ میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔
Being in Turkey feels like being home, overwhelmed by the warmth of our Turkish brothers & sisters. Our bilateral ties have entered a new era of strategic partnership under the leadership of President Erdogan. We are on course to unpack the full untapped potential of relationship https://t.co/69HDrEvcsC
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 25, 2022
واضح رہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ترکیہ کے حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ وزیر اعظم نے ترکیہ کا اپنا دورہ منسوخ کر دیا ہے تاہم وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کی منسوخی کی افواہوں کی تردید کر دی تھی۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ ترکیہ کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، وزیر اعظم شہباز شریف فریگیٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے جمعے کو ترکیہ روانہ ہوں گے۔