پنجاب اسمبلی کا مستقبل کیا؟ حکومت اور اپوزیشن آج لائحہ عمل طے کرینگے

Published On 02 December,2022 09:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کا مستقبل کیا ہو گا؟ حکومت اور اپوزیشن نے آج اپنے اپنے اجلاس طلب کر لئے۔

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس آج قائد اعظم ایوان وزیراعلیٰ میں اڑھائی بجے ہو گا، اجلاس کی صدارت عمران خان کریں گے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی شریک ہوں گے۔ عمران خان پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان اسمبلی سے خطاب کریں گے، پارلیمانی پارٹی پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے اپنی رائے دے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بھی پنجاب کے پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس طلب کر لیا، پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، سینئر پارٹی لیڈر شپ اجلاس میں شریک ہو گی۔

عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شپ اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کے لئے آئندہ لائحہ عمل بارے مشاورت کرے گی۔