اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سلیمان شہباز کی جانب سے دائر درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کیلئے ان پرسن ہونا ضروری ہے۔
وکیل درخواست گزار امجد پرویز نے سلیمان شہباز کا ٹکٹ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ سلیمان شہباز سعودی ایئر لائن کے ذریعے اتوار کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔
بعدازاں عدالت نے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت 13 دسمبر تک منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سلیمان شہباز کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، سلیمان شہباز پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کرے۔