اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کے جلد فیصلے کے لیے نئی درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلے سے زیر سماعت کیس میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ن لیگ ، پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جلد کرنے کا حکم دیا جائے۔
سابق وزیر مملکت کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ ن لیگ، پی پی پی و دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے، پی ٹی آئی کی طرح دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیس سننے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو موقع دیا گیا کہ وہ پی ٹی آئی کے خلاف غلط رپورٹ کا سیاسی فائدہ اٹھائیں، اس طرح کے حربے جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے، پی ٹی آئی اور اس کے ممبران کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جمہوریت کے تحفظ کے لیے پٹیشن میں اٹھائے گئے اہم سوالات کا فیصلہ کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔