پی ٹی آئی سینیٹراعظم سواتی کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

Published On 29 November,2022 12:59 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز ) سیشن کورٹ اسلام آباد نے اداروں کیخلاف ٹوئٹ اور بیان بازی سے متعلق کیس میں گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹس کے مقدمہ کی سماعت ہوئی سماعت کے دوران ایف آئی اے نے مزید چھ دن ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ موبائل اور ٹویٹ اکاونٹ کے حوالے سے مزید تفتیش کرنی ہے ۔

پی ٹی آئی سینیٹر کے وکیل بابراعوان نے عدالت سے استدعا کی اعظم سواتی کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیش نہ کیا جائے،عدالت پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے اوراعظم سواتی کی ویڈیو لنک سے حاضری لگائیں ۔

بعدازاں عدالت نے اعظم سواتی کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتےہوئے کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی ۔
 

Advertisement