اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف درج 13 مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے علی امین گنڈا پور کی اخراج مقدمہ کی درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر اسلام آباد کے 15 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر کے بیانات کے بعد علی امین گنڈاپور کے خلاف دائر مقدمات خارج کر دیئے جب کہ 2 مقدمات کے خلاف درخواستیں علی امین گنڈا پور کے وکیل نے واپس لے لیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف 25 مئی کے لانگ مارچ میں جلاؤ گھیراؤ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے اخراج کے لئے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔