راجہ پرویز اشرف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 14 December,2022 08:27 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام پر دائر ہونے والی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کیلئے مقرر کر لی۔

قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف شہری کی دائر کردہ درخواست پر کل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جشن آزادی کے پروگرامز کیلئے 75 کروڑ روپے کی منظوری دی، جس کا بیشتر حصہ سپیکر اسمبلی کے حکم پر قومی اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات پر خرچ کیا گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپیکر اسمبلی نے سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران 25 اراکین کے ساتھ بیرون ملک دورے کیے، عدالت الیکشن کمیشن کو راجہ پرویز اشرف کی رکنیت ختم کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن، ای سی سی، قومی اسمبلی اور سپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
 

Advertisement