اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے متوقع اعلان کے پیش نظر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں اسمبلی تحلیل کو روکنے کے لئے آئینی و قانونی آپشنز پر حتمی مشاورت اور پرویز الہیٰ سے ہونیوالے بیک ڈور رابطوں سے متعلق قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے متوقع اعلان کے معاملہ پر صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ میں ہو گا جس میں پارٹی کے سینئررہنما شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے متوقع اعلان سے متعلق مشاورت ہو گی، اسمبلیوں کی تحلیل کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے پارٹی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی، اجلاس میں اسمبلی تحلیل کو روکنے کے لئے آئینی و قانونی آپشنز پر بھی حتمی مشاورت ہو گی، تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کر دی گئیں تو پارٹی اپنی آئندہ کی حکمت عملی سامنے لائے گی، اسمبلی تحلیل کو روکنے کے لئے پرویز الہیٰ سے ہونے والے بیک ڈور رابطوں سے متعلق قیادت کو آگاہ کیا جائے گا، اگر پرویز الہیٰ اسمبلی تحلیل کے مخالف ہیں تو ن لیگ پرویز الہیٰ کے مؤقف کی تائید کرے گی۔