عمران نے ادارے متنازعہ بنانیکی کوشش کی، عوام میں اوقات کا پتہ چل گیا، خواجہ آصف

Published On 18 December,2022 04:32 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، انہیں اپنی اوقات کا پتہ چل گیا، عوام میں ان کی مقبولیت کم ہو رہی ہے۔

سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آڈیو لیکس میں ان کے جھوٹ اور چوری سامنے آگئی، عمران خان کی گواہی کون دے گا، پورے خاندان میں کسی کی دبئی اور کسی کی نیویارک میں جائیداد ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ تباہ حال ملنے والی معیشت کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان دیوالیہ نہیں ہو سکتا، ملک اشرافیہ کے کیے کی سزا بھگت رہا ہے، عام شہری محب الوطن ہیں ان کو اس مٹی سے پیار ہے، عمران خان نے ہماری روایت کو تار تار کر دیا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر کیس بنایا، اس کے فلیٹ خاندانی ملکیت ہے، میاں نواز شریف بطور وزیر اعظم تاریخیں بھگت رہے تھے، انہوں نے کہا کہ میں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز جیل میں اکٹھے تھے، ہم نے قانون کی پاسداری کی اور تاریخیں بھگتیں، اگر اس میں شرم ہوتی تو تھوڑے سے پانی میں ڈوب مرتا۔

ورکرز سے خطاب میں وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ الیکشن کراؤ، بلیک میلنگ سے الیکشن نہیں کروائیں گے، کل 3 ہزار افراد لبرٹی چوک میں تھے، دس لاکھ کا مجمع کہاں گیا،عمران خان کو اپنی اوقات کا پتہ چل رہا ہے، الیکشن آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور عوام کی امنگوں کے مطابق الیکشن ہوں گے، پانچ دن کی بجائے چوبیس گھنٹوں کا نوٹس دے، میں نے 32، 33 سالہ سیاسی مستقبل میں کسی ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا، کوئی ثابت نہیں کر سکتا کہ سرکاری مشینری کا استعمال کیا ہو، 18 اپریل کو میرے خلاف نیب میں درخواست دی گئی، درخواست دینے والا 4 سال ہوگئے ہیں میرے خلاف ثبوت لے کر نہیں پہنچا۔