لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ہے کہ نون لیگ انتخابات سے بھاگنے کے بجائے مقابلہ کرے، آپ عوام میں جانے سے خوفزدہ کیوں ہیں۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے پاس ووٹ نہیں ہے چلے جائیں، عمران خان نے کل جو چھکا مارا، انہیں گیند ہی نہیں مل رہی، پی ڈی ایم تیرہ جماعتوں پر مشتمل چوں چوں کا مربہ ہے، عمران خان پاکستانی سیاست کا محور ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمیں مختلف جگہوں سے سفارشیں آ رہی ہیں آپ الیکشن نہ کرائیں، ن لیگ الیکشن کمیشن کو اپنے پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کرے، آئین میں لکھا ہے کہ مقررہ وقت میں الیکشن کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ مہینوں سے پاکستان کی سیاست عمران خان کے ارد گرد گھوم رہی ہے، عمران خان صبح پہلا اوور کرواتے ہیں اس کے بعد پی ڈی ایم اسی بال کو لے کر گھومتی رہتی ہے، سیاسی ٹیسٹ میچ کو ہم نے ٹی 20 بنا کر کھیلا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ ن والوں کے چہروں سے لگتا ہے ان کے جسموں سے خون ہی خشک ہو گیا ہے، تمام جماعتوں کو بھاگنا نہیں چاہیے اور مقابلہ کرنا چاہیے، اگر قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو ن لیگ کو بھی آئندہ الیکشن میں امیدوار نہیں ملیں گے، الیکشن کمیشن اگر الیکشن سے بھاگے گا تو وہ ن لیگ کی مدد کر رہا ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انتخابات سے بچنے کیلئے آپ الیکشن کمیشن کو آگے کر دیتے ہیں، ن لیگ الیکشن کمیشن کو اپنے پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کرے، آئین میں لکھا ہے کہ مقررہ وقت میں الیکشن کروائے جائیں، تحریک انصاف عوام کی سیاست کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بند کمروں میں بیٹھ کر عوام کے مستقبل کے فیصلے کیے جاتے ہیں لیکن اب طاقت وروں کو سوچنا ہوگا اگر عوام کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا تو نقصان پاکستان کا ہوگا۔ اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ عوام کے فیصلوں کی اہمیت نہیں تو آپ غلط سمجھ رہے ہیں، ساڑھے 7 لاکھ ڈاکٹرز، انجینئرز ملک چھوڑ گئے، سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ نہیں لگا رہے۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا پیچھا کریں گے، عوام کی عدالت سے فرار نہیں ہونے دیں گے، امید ہے ن لیگ انتخابات سے بھاگنے کے لیے خود یا الیکشن کمیشن کا استعمال نہیں کرے گی۔