لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے رہنما و وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے انٹرویو کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ق لیگ اور تحریک انصاف کا موقف الگ ہو سکتا ہے لیکن ق لیگ کے ساتھ مل کر الیکشن میں اتریں گے۔
پی ٹی آئی اراکین کو ہدایت دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت ق لیگ کے ساتھ نہ الجھے، پاکستان تحریک انصاف اپنے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں لائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کی سیاست میں ہلچل، کپتان نے ق لیگ کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیدی
قبل ازیں ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور پرویز خٹک شامل ہیں جبکہ کمیٹی منگل کے روز سابق وزیراعظم عمران خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مشاورت کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ق لیگ کے ساتھ قومی و صوبائی اسمبلی میں 15 سے 20 سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ متوقع ہے جبکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں ان حلقوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں سے ق لیگ جیتی تھی۔