اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی نالائقی اور کرپشن کی قیمت خیبرپختونخوا دہشت گردی کی صورت میں ادا کررہا ہے، عمران خان اسمبلیاں توڑنے میں اور دہشت گرد خیبرپختونخوا کے بے گناہ عوام کو قتل کرنے میں مصروف ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان کے پاس گھڑیاں چوری کرنے کا ٹائم تھا لیکن عوام کو دہشت گردوں سے بچانے کا ٹائم نہیں، خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، عمران خان کو وفاق اور اداروں سے لڑنے سے فرصت ملے تو دہشت گردی کے مقابلے پر غور کرے، پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں 9 سال سے حکومت مسلط ہے اور کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا کے بارے میں قومی اداروں کی رپورٹ چشم کشا اور پریشان کن ہے، ایک سال میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے300 واقعات کا ہونا سنگین صورتحال ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت سوئی ہوئی ہے، خیبرپختونخوا میں ملازمین کی تنخواہ اور پینشن نہ ہی شہداء کیلئے پیسے ہیں، 9 سال میں کے پی کے میں یہ ترقی ہوئی؟۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ وفاق پر حملے کیلئے بندوقیں اور بندے جمع کرنے والوں نے سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کیلئے کچھ نہیں کیا، وفاق نے بھی خیبرپختونخوا کو پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافے کی پیشکش کی تھی لیکن آج تک جواب نہیں ملا، سی ٹی ڈی شہداء پیکج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 150 فیصد کا فرق کیوں ہے؟ صوبائی حکومت آنکھیں بند کئے کیوں بیٹھی رہی؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کیلئے کوئی ٹریننگ سکول ہی موجود نہیں، 9 سال میں کیوں اس پر توجہ نہ دی گئی، پورے صوبے میں ’ایس ایس پی‘ رینک کے صرف ایک افسرکا تعینات ہونا عمران خان اور وزیراعلیٰ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشت گردی کے معاملے پر عمران خان اینڈ کمپنی کا رویہ مجرمانہ اور دہشت گردوں کی مدد کے مترادف ہے۔