اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ عمران خان حکومت چلا نہیں سکے تو اس میں جنرل باجوہ کا کیا قصور ہے جبکہ جنرل باجوہ نے آپ کو ہر قدم پر سہارا دیا مگر جس نے آپ پر احسان کیا ہو اور آپ اس کو گالیاں نکالیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے چار سال میں تباہی کی جسے ہم ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری کارڈ کھیلا، اب ان کے پاؤں سے آہستہ آہستہ زمین کھسک رہی ہے، عمران خان الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں، افسوسناک بات ہے کہ ایسے لوگ اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچ گئے جن کی کوئی اقدار نہیں تھی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنہوں نے عمران خان کو سہارا دیا وہ اس محسن کو بھی گالیاں دیتے ہیں، اگر آپ حکومت چلا نہیں سکے تو اس میں جنرل باجوہ کا کیا قصور ہے؟، جنرل باجوہ نے آپ کو ہر قدم پر سہارا دیا، آپ کو جب ضرورت ہوتی تھی وہ اسمبلی میں آتے تھے، جس نے آپ پر احسان کیا ہو اور آپ گالیاں نکالیں اس سے گھٹیا بات ہو ہی نہیں سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتیں اگر مرضی کے مطابق کام کریں تو ان کو پسند ہے، اسٹیبلشمنٹ غیر مشروط ساتھ دے تو وہ دن رات تعریف کرتے ہیں، اگر ادارے آئین اور قانون کے مطابق کام کریں تو گالیاں دیتا ہے، جن پر تکیہ کیا ہوا تھا ان کی اپنی بھی سیاست ہے، تحفظات ہیں، انہوں نے کبھی ڈوبتے ہوئے لوگوں کا ساتھ نہیں دیا، یہ ان کی تاریخ ہے۔