لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کا خط ہی متنازع ہے تو وہ ایوان وزیر اعلیٰ کو کیسے بند کر سکتے ہیں۔
زمان پارک میں گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ رولز کے مطابق ایک اجلاس چل رہا ہے تو گورنر اجلاس نہیں بلا سکتا، پی ڈی ٓیم عوام میں جانے سے بھاگ رہی ہے۔
سبطین خان کا کہنا تھا کہ کل پنجاب اسمبلی کا اجلاس چل رہا تھا اس وجہ سے اسمبلی سیکرٹریٹ کے لوگ 9، 10 بجے تک بیٹھے ہوتے ہیں، پرویز الٰہی اور ہم نے اکٹھے چلنا ہے، کوئی ابہام نہیں ہے، پی ڈی ایم 13 جماعتیں ساتھ چل سکتی ہیں تو ہم دو جماعتیں کیوں نہیں چل سکتیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک کی بڑی جماعت ہے، ق لیگ ہماری اتحادی ہے۔
قبل ازیں سپیکر سبطین خان نے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کا پنجاب اسمبلی کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ پہلے ہی اجلاس چل رہا ہے، گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو درست نہیں سمجھتا، ایک وقت میں جب اجلاس چل رہا ہو تو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اجلاس سپیکر کا طلب کردہ ہے جسے گورنر ختم نہیں کرسکتا، اگر حکومت کا بزنس ہوا تو کل بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو گا، گورنر کے طلب کردہ اجلاس کا اسمبلی سیکرٹریٹ گزٹ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کرے گا۔