لاہور: (دنیا نیوز) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا ہے کہ اجلاس بلانے کے معاملے پر گورنر پنجاب نے بدنیتی دکھائی ، گورنر کا سپیکر کی رولنگ مسترد کرنا غیر آئینی ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر نے ایپلٹ عدالت کا اختیار استعمال کیا ہے، اپیل کا حق عدالت کا دائرہ اختیار ہے، گورنر ایپلٹ اتھارٹی نہیں ہے وہ یہ حق استعمال نہیں کر سکتے، گورنر نے بدنیتی دکھائی ہے، ان کے عمل سے ظاہر ہے کہ انہوں اختیارات سے تجاوز کیا۔
احمد اویس کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ پنجاب میں سول اور فورسز کو آمنے سامنے لانا چاہتے ہیں، ان سے پوچھنا چاہیے یہ ملک کا فائدہ چاہتے یا تباہی، رینجرز وغیرہ کی تعیناتی سے ہنگامہ آرائی کا خدشہ ہوگا۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ گورنر پنجاب کے غیر آئینی اقدامات پر قانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے، گورنر کے اقدامات کیخلاف عدالت جانے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔