لاہور: (دنیا نیوز) نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے پنجاب پولیس کی کمان باضابطہ طور پر سنبھال لی۔
آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو اپنی پالیسی ترجیحات بارے آگاہ کیا۔
اس موقع پر آئی جی عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انکی بے لوث خدمت میری اولین ترجیح ہے، آئین کی حکمرانی اور قانون کی مکمل پاسداری میرا نصب العین ہوگا، امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا، پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
عامر ذوالفقار خان کا کہنا تھا کہ جو افسر اچھا کام کرے گا اسے بہترین پوسٹنگ ملے گی، احتساب کے عمل کو مزید سخت کیا جائے گا، پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کو فروغ دیا جائے گا، پولیس کے ہزاروں جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں انکی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا، اضلاع اور ریجنز کے دورے کروں گا اور مسائل کو گراس روٹ لیول پر حل کیا جائے گا، آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ سے جرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ تھانوں کی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا، اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرینس کے تحت سخت کارروائی ہوگی، انویسٹی گیشن کے معیار کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا۔