اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد پولیس کے شہید عدیل حسین کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کر دیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عدیل حسین نے وفاقی دارالحکومت کو دہشت گردی کے بڑے حملے سے بچانے کی کوشش میں جام شہادت نوش کیا، عدیل حسین کی اس عظیم قربانی کا ریاستی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے یہ اعزاز عطا کرنے کا فیصلہ ہوا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید عدیل حسین کی بیوہ کو اسلام آباد پولیس میں بھرتی کیا جائے گا، شہید عدیل حسین کی بیوہ کو فوری طور پر مکمل شہدا پیکج دے رہے ہیں، شہداء پیکج کے تحت ایک کروڑ 65 لاکھ نقد ادا کرنے کے علاوہ ایک پلاٹ بھی دیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ عدیل حسین شہید کی مدت ملازمت کی تکمیل تک پوری تنخواہ بھی بیوہ کو ادا کی جاتی رہے گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہدا کی عزت وتکریم اور ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے، شہید کے بچوں کی تعلیم اور شادی کے اخراجات بھی سرکاری طور پر ادا کئے جائیں گے۔