کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے تین مختلف جگہوں پر دستی بم حملوں میں 15 افراد زخمی ہو گئے۔
سیٹلائٹ ٹاؤن کےعلاقےچالوباوڑی میں پولیس چوکی پر دستی بم کے حملہ سے ایک بچے اور ایک پولیس اہلکار سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے، اس سے قبل سبزل روڈ پر بھی دستی بم دھماکے میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ امیر محمد دستی پولیس تھانہ کے سامنے پیش آیا، نامعلوم افراد نے تھانے کے باہر 2 دستی بم پھینکے ایک کے پھٹنے پر دھماکہ ہوا جبکہ دوسرا نہ پھٹ سکا۔
واقعے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا، بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر دوسرا دستی بم ناکارہ بنا دیا، زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تیسرے واقعہ میں بلوچستان حب میں صدر تھانے کے قریب کھڑی موٹر سائیکل کے پاس دھماکا ہوا جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر دستی بم کا ہے، مزید جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا، دھماکا کس طرح ہوا اس کا کلئیر تعین ہو جائے گا۔