پاکستان کو روس، یوکرین جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے : عمران خان

Published On 29 December,2022 01:35 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات 60 سال پرانے اور مضبوط ہیں، چین نے بے مثال ترقی کی ہے، پاکستان کو امریکا اور چین کے تعلقات میں نیوٹرل رہنا چاہیے۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو آبادی کو بڑھانے کی کوشش کررہا ہے، کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا حل جنگ میں نہیں ہے، پاکستان اوربھارت دو جوہری طاقتیں ہیں اگر دونوں میں جنگ ہوئی تو پوری دنیا لپیٹ میں آسکتی ہے کیونکہ ایٹمی جنگ دنیا پر خودکش حملےکےمترادف ہے، مجھے امید ہے کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت ضرورملےگا اور بھارت کومقبوضہ کشمیرکےلوگوں کو حقوق دینے ہی پڑیں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یوکرین،روس جنگ کی وجہ سے دنیا میں بے پناہ مسائل میں اضافہ ہوا، یوکرین جنگ نے ترقی پذیر ملکوں میں بیلنس آف پیمنٹ کےسنگین مسائل کھڑے کر دیئے ہیں، پاکستان کو روس، یوکرین جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے، پاکستان کو ایسے تنازعات کا حصہ نہیں بننا چاہیے جن کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی پذیرملکوں پر کسی ایک طرف جھکاؤکے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے، مسئلہ کشمیر پر چین اورترکیہ کے سوا کوئی ملک ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوا، ہم یوکرین جنگ کا حصہ کیوں بنیں جب ہمارے معاملات میں مغربی ممالک ہمارے ساتھ نہیں ہوتے، ہم نے ہر فورم پر کشمیرمسئلے پر بات کی ہے اور سفارتی دباؤ برقرار رکھیں گے۔

Advertisement