لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کیلئے راضی ہونا ضروری ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، اگر آئندہ عام انتخابات میں کوئی پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے، مشرقی پاکستان میں سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا تھا، ابھی مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم صرف ڈرائنگ روم کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، جنرل ر باجوہ نے اس ملک پر بڑا ظلم کیا اور ہم ڈیفالٹ کے قریب کھڑے ہیں، جنرل باجوہ سے ہماری حکومت کے اچھے ورکنگ ریلیشن رہے، جنرل باجوہ کے نزدیک سیاست دانوں کی کرپشن بے معنی تھی، نیب قوانین میں ترمیم کر کے 11سو ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ختم کر دئیے گئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مفادات بیرون ملک ہیں، جب دونوں خاندانوں کے مفادات پاکستان سے نہیں تو ان سے میثاق معیشت کیسے کریں، ہماری حکومت میں 5 فیصد ڈیفالٹ کا خطرہ تھا جو اب 90 فیصد ہو چکا ہے، ملک پر قبضہ گروپ کا راج ہے اور جنگل کا قانون ہے، قانون کی حکمرانی قائم کئے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔