مری : (دنیا نیوز ) ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے ٹریفک پولیس مری نے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
مری اور گلیات میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، ایوبیہ ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور باڑیاں میں 3 سے چار انچ برفباری ہوچکی ہے ، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے جاری ٹریفک ایڈوائزری میں ایس پی ٹریفک مری کا کہنا ہے کہ مری جانے کے لیے سیاح اچھی گاڑی کا انتخاب کریں ، صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیور کو مری داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ منفی درجہ حرارت کے باعث شہری گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈ کا استعمال کریں، برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کیا جائے۔
ڈی ایس پی ٹریفک نے کہا کہ گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں شیشے مکمل بند نہ کریں، برفباری کے دوران گاڑی کی رفتار کم اور اوور ٹیکنگ سے گریز کیا جائے۔