پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام سہولتوں سے محروم، عدم استحکام کا شکار، فضل الرحمان

Published On 01 January,2023 04:37 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، چار سال میں ملک کا حشر کر دیا، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ہم اتنے دلدل میں پھنس چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اتحادی حکومت کی کاوشوں سے ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل گیا، مخالفین حکومت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم اور عدم استحکام کا شکار ہیں، صوبوں کے وسائل عمران خان پر خرچ ہو رہے ہیں۔

اس سے قبل، مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کی، جس میں کے پی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ معاشی بدحالی، حکومت کے غیرسنجیدہ اقدامات سے پیدا شدہ صورتحال بھی زیر بحث آئی۔

اے پی سی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں بدامنی ، ٹارگٹ کلنگ تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ قبائلی اور شہری علاقوں میں قیام امن کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، اے پی سی کا اعلامیہ قومی سلامتی کمیٹی کو بھیجنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صوبہ 900 ارب روپے کا مقروض ہے، وزیراعلیٰ کو حساب دینا ہو گا، نااہلی وفاق سے صوبے تک عیاں ہو چکی ہے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ہم اتنے دلدل میں پھنس چکے ہیں، وزیر اعلیٰ روزانہ اسمبلی تحلیل کی باتیں کرتے ہیں، وفاق کیسے پیسے دے۔


پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ بیرونی ایجنڈے کے لئے عمران ملک کو غرق کرنا چاہتے ہیں، آپ کو اندازہ نہیں کہ ان لوگوں نے ملک کا کیا حشر کیا ہے، توشہ خانہ سے توپ خانہ تک محفوظ نہیں، وفاقی سطح پر بہت محنت کی گئی، ہم بلیک لسٹ کی طرف جا رہے تھے مگر آئی ایم ایف کے ساتھ اچھی ڈیلنگ سے ہم وائٹ لسٹ پر آگئے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاق کے دونوں اطراف عمران کی حکومت ہے، وفاق پر دونوں طرف سے حملے ہو رہے ہیں مگر ہم اس کا بھرپور دفاع کر رہے ہیں، ٹیکنو کریٹ حکومت سیٹ اپ کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔