شکرگڑھ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی، ٹیکنوکریٹس حکومت کے معاونین ہوسکتے ہیں، حکمران نہیں ہو سکتے۔
نورکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مشرف نے بھی 9 سال ٹیکنوکریٹس کے سہارے حکومت کی تھی، کچھ لوگ ٹیکنوکریٹس حکومت کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، کچھ ٹیکنوکریٹس ہر دور میں وزیر، مشیر بننے کے لئے تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے لئے سیاسی حکومت کی سپورٹ ضروری ہوتی ہے، معاشی بحران سے نکلنے کے لئے جامع اصلاحات کرنا ہوں گی، معیشت بچانے کے لئے عمران دور کے مالیاتی معاہدوں پر عملدرآمد کرنا مجبوری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یوریا کی ذخیرہ اندوزی کے باعث پنجاب کے کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کھاد کی عدم دستیابی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے جو سپریم کورٹ کے حکم پر قائم ہے، یوریا کی قلت کا سپریم کورٹ نوٹس لے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی حکومت ملک میں تباہی اور ڈی ویلیویشن کی بنیاد رکھ کر گئی، ملکی معیشت کی بحالی کے لئے برآمدات میں اضافے کی ضرورت ہے، دوست ممالک بھی ہماری معیشت کے استحکام مدد کر رہے ہیں۔