اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہو گا، اجلاس میں ملکی سلامتی ، معیشت کے بارے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا، جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں زیر غور آنے والی تجاویز پر اہم فیصلے متوقع ہیں، اجلاس میں عسکری اور سول حکام شرکت کریں گے حساس اداروں کے حکام ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، عسکری حکام کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی ملکی معیشت اور سلامتی پر واضح گائیڈ لائن کی منظوری دے گی، اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی منظوری بھی لی جائے گی، اجلاس میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے نیا آپریشن پلان بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے۔