قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، اہم فیصلے متوقع

Published On 02 January,2023 08:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی آج دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے گی۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا، اعلیٰ سول اور عسکری قیادت کی 4 روز میں دوسرے اجلاس کے ایجنڈے میں ملکی معیشت اور سلامتی کی صورتحال سرفہرست ہے۔

اجلاس میں حساس اداروں کے حکام ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے جبکہ جمعہ کے روز ہونے والے اجلاس میں زیرغور آنے والی تجاویز پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق آج ہونے والے اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی ملکی معیشت اور سلامتی پر واضح گائیڈ لائنز کی منظوری دے گی۔

اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمےکیلئے نیا آپریشن پلان بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی منظوری بھی لی جائے گی۔