خانیوال کے قریب فائرنگ، سی ٹی ڈی ڈائریکٹر اور انسپکٹر جاں بحق

Published On 03 January,2023 07:10 pm

ملتان: (دنیا نیوز) خانیوال کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں گولیاں لگنے سے سی ٹی ڈی کا ڈائریکٹر اور انسپکٹر جاں بحق ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈائریکٹر اور 2 انسپکٹر خفیہ کارروائی کیلئے خانیوال پہنچے تھے اور بسم اللہ ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے کہ ایک شخص نے فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ڈائریکٹر اور ایک انسپکٹر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ میں ایک سی ٹی ڈی انسپکٹر محفوظ رہا، وقوعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، مارے جانے والوں کی شناخت ڈائریکٹر سی ٹی ڈی نوید سیال اور انسپکٹر ناصر عباس کے نام سے ہوئی۔

 وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سی ٹی ڈی افسروں کی شہادت کے واقعے کا نوٹس لے لیا، واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے افسروں کی ہلاکت کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے خانیوال کے قریب فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے شہید ہونے والے 2 افسروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید افسروں ڈپٹی ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصرکے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ فائرنگ کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے، تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فائرنگ کے و اقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، شہید افسر دھرتی کے بہادر سپوت تھے، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی افسران پرفائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب میں امن امان کی صورتحال باعث تشویش ہے، حکومت ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے فوری پیش بندی کرے، اللہ تعالی سی ٹی ڈی افسروں کے درجات بلند کرے، ان کے ورثاء کو صبر جمیل عطا کرے۔

Advertisement