دھند سے ڈاک کی ترسیل بھی متاثر، تاخیر پر قابو پا رہے ہیں، پاکستان پوسٹ

Published On 03 January,2023 10:57 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پوسٹ ملک کے مختلف حصوں میں دھند کی وجہ سے ڈاک کی ترسیل میں تاخیر کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے، ملک کے میدانی علاقوں میں گزشتہ دو ہفتوں سے چھائی دھند کے باعث پاکستان پوسٹ کا فضائی اور ریل ٹرانزٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔

پاکستان پوسٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں موجودہ موسمی حالات کے نتیجے میں ہمارے ہوائی اور ریل ٹرانزٹ آپریشنز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں آخری منزلوں پر ترسیل میں تاخیر ہو سکتی ہے، ہم اس تاخیر کو کم سے کم رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پاکستان پوسٹ کے صارفین سے تعاون اور افہام و تفہیم کی درخواست کر رہے ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز تک دھند کا سلسلہ جاری رہے گا، دھند نے نہ صرف مسافروں بلکہ ملک بھر میں ہوائی اور ریل ٹرانزٹ آپریشنز کو بھی متاثر کیا ہے،.پاکستان پوسٹ تقریباً 13,000 ڈاکخانوں کے نیٹ ورک کے ذریعے ملک کے کونے کونے میں ڈاک کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان پوسٹ بغیر کسی لاگت کے تقریباً 20 ملین گھرانوں اور کاروباروں کو کمیونٹی سروس کے طور پر ڈلیوری خدمات فراہم کر رہا ہے۔

پاکستان پوسٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایجنسی کے فرائض بھی انجام دیتا ہے، جس میں سیونگ بینک، پوسٹل لائف انشورنس، ٹیکسوں کی وصولی، بجلی کے بل، پانی، سوئی گیس اور ٹیلی فون کے بل شامل ہیں، پاکستان پوسٹ یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ایک یونیورسل پوسٹل سروس نیٹ ورک بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ لوگوں، اور ٹیکنالوجی کے استعمال اور جدید مصنوعات کی پیشکشوں کے ذریعے سستی قیمت پر ڈاک، رقم اور مواد کی محفوظ اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
 

Advertisement