دھند کے باعث ملک بھر کی اہم شاہراہیں بند، پروازیں متاثر

Published On 03 January,2023 09:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دھند کے باعث ملک بھر میں موٹر ویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ لاہور ائیر پورٹ پر حد نگاہ 50 میٹر ہونے کے باعث پروازوں کو اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

تفصیل کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون اور موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے ہرن مینار تک بند کر دیا گیا، لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے، موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبد الحکیم تک دھند کے باعث بند ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث لاہور ملتان موٹروے بھی فیض پور سے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی ہے، موٹر وے پولیس نے مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔

سید عمران احمد نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب لاہور ائیرپورٹ پر حد نگاہ 50 میٹر ہونے کے باعث سیرین ائیرشارجہ لاہور فلائٹ SEP722 اسلام آباد موڑ دی گئی، ائیر بلیو ابو ظبی لاہور فلائٹ ABQ431 بھی اسلام آباد موڑ دی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور ائیرپورٹ پر حد نگاہ 50 میٹر ہونے کے باعث سیرین ائیرشارجہ لاہور فلائٹ SEP722 اسلام آباد موڑ دی گئی، ائیر بلیو ابو ظبی لاہور فلائٹ ABQ431 بھی اسلام آباد موڑ دی گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے مسافر حضرات کو کہا گیا ہے کہ برائے کرم ہوائی اڈے کیلئے روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئر لائن سے رابطہ میں رہیں۔

Advertisement