سعودی ائیر لائن کی پرواز منسوخ، درجنوں عمرہ زائرین جدہ ائیرپورٹ پر پھنس گئے

Published On 04 January,2023 08:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سعودی ائیر لائن کی پرواز کے منسوخ ہونے سے جدہ ائیرپورٹ پر درجنوں کی تعداد میں پاکستانی عمرہ زائرین پھنس گئے۔

ائیر لائن ایس وی 738 نے 350 عمرہ زائرین کو 3 جنوری کو پاکستان لیکر آنا تھا لیکن سعودی حکام کی جانب سے پاکستان میں خراب موسم کے باعث پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔

عمرہ زائرین نے بتایا کہ دو دن سے جدہ ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں، بیشتر مسافروں کے پاس کھانے پینے کو بھی کچھ نہیں، حکام نے تاحال نہیں بتایا کہ پرواز کب روانہ ہوگی۔

مسافروں نے مزید بتایا کہ بچوں اور بوڑھوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری واپسی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اپنے گھروں کو پہنچ سکیں۔