شہزادہ محمد بن سلمان کی پینٹنگ والے ٹرک ڈرائیور کو سعودی سفارتخانے مدعو کر لیا گیا

Published On 03 January,2023 11:05 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ٹرک پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پینٹنگ سے بنائی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹرک کے ڈرائیور کو سعودی سفارتخانے مدعو کر لیا گیا۔

سعودی سفارتخانے کی جانب سے ان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر نواز اختر اور اس کے ٹرک کے تصاویر شئیر کی گئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تصویر والا ٹرک سفارتخانے کے باہر کھڑا ہے اور قریب ہی سعودی سفیر ڈرائیور نواز کے ساتھ تصویر بنوا رہے ہیں۔

ایک اور تصویر میں سعودی سفیر نواف سعيد المالكی سفارتخانے کے اندرونی حصے جہاں پر مہمانوں سے ملاقات کی جاتی ہے وہاں وہ ڈرائیور نواز اختر کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں، ملاقات کے بعد سعودی سفیر نے ٹرک ڈرائیور کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ اختر نواز نے شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر کی پینٹنگز اپنے ٹرک پر بنا کر ولی عہد اور سعودی عرب سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا جسے سوشل میڈیا پر لوگوں نے خوب سراہا۔