ملک کو مفلوج کرنے والے کس منہ سے وائٹ پیپر جاری کر رہے ہیں؟: شیری رحمان

Published On 04 January,2023 10:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تباہ کرنے کے جرم میں جن کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے چاہیے تھے انہوں نے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے موجودہ حکومت کی 8 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو 4 سال ملک پر مسلط رہنے کہ بعد کہتے ہیں ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں تھا، حکومت کوئی اور چلا رہا تھا، ملک کو مفلوج اور حکومت کو مقروض کرنے والے کس منہ سے وائٹ پیپر جاری کر رہے؟

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے مزید کہا کہ جس نہج پر پی ٹی آئی نے ملک کو پہنچایا تھا وہاں سے نکلنے میں 8 ماہ نہیں کئی سال لگیں گے، 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کس کو ملے؟، قرضہ نہیں لوں گا کہنے والوں نے ملکی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیوں کیا؟، کرپشن کا بیانیہ بنانے والے خود کرپشن میں نااہل کیوں ہوئے؟ انہوں نے ملکی معیشت کو توشہ خانہ سمجھ کر لوٹا، ان کا وائٹ پیپر’’چور مچائے شور‘‘ جیسا ہے۔
 

Advertisement