درسی کتب بھی غریب کی پہنچ سے باہر، قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ

Published On 07 January,2023 07:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے درسی کتب کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ کر دیا، قیمتیں بڑھنے سے درسی کتب غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئیں۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے تعلیمی سال 2023-24ء کے لئے اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والی کتابوں کا ریٹ جاری کیا، پی سی ٹی بی کی سنگل درسی کتب کی ایلوکیشن کر کے نئی قیمتوں کا تعین بھی کر دیا گیا۔

پی سی ٹی بی کی کتب کا دو برسوں میں مجموعی اضافہ 130 فیصد سے زائد بنتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا فائدہ پی سی ٹی بی کو من مانے نرخوں پر کاغذ فروخت کرنے والی ملوں، سنگل بکس کی اشاعت کرنے والے پبلشرز اور پرنٹرز کو فائدہ ہو رہا ہے۔

پی سی ٹی بی کی درسی کتب بھی نجی سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی پہنچ سے باہر ہوگئیں، پنجاب کے طلبہ سستی اور معیاری کتب کے حصول کے حق سے محروم ہو نے لگے۔


بورڈ کے افسروں کی جانب سے مبینہ طور پر پیپر ملز مالکان کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے کاغذ کی طلب، رسد اور قیمت پر بورڈ سے ملی بھگت کر کے 6 مخصوص پیپر ملوں کی اجارہ داری قائم کر دی گئی۔

ملوں نے بورڈ کو گزشتہ سال 150 روپے فی کلو دیا جانے والا کاغذ رواں سال 235 روپے فی کلو میں فروخت کیا ہے، .پبلشروں اور پرنٹروں کی خواہش پر پرنٹنگ کے نرخ 120 روپے سے بڑھا کر 250 روپے تک کر دئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان بھر کے بورڈز کی درسی کتب کی اشاعت کا 70 فیصد کام پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کرتا ہے۔
 

Advertisement