لاہور: (دنیا نیوز) نئے سال میں عوام کے لئے مہنگائی کا پہلا تحفہ، برائلر مرغی کا گوشت ملکی تاریخ میں پہلی بار 509 روپے فی کلو ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2023ء کے پہلے ہی روز برائلر کی قیمت نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، مارکیٹ میں پہلی بار برائلر گوشت 500 روپے فی کلو سے تجاوز کر گیا ہے، برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 509 روپے ہو گئی جبکہ فارمی انڈے بدستور 274 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں۔
دوسری جانب سبزی مارکیٹ میں بھی مہنگائی کے ڈیرے ہیں، پیاز، ٹماٹر، لہسن اور ادرک کے دام تاحال کم نہ ہو سکے، پیاز کا سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں پیاز درجہ اول 220 روپے فی کلو بک رہا ہے، ٹماٹر 80، لہسن 350 اور ادرک 450 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح آلو 50، پھول گوبھی 60 اور بند گوبھی، شلجم ، پالک، مولی 40 روپے جبکہ گاجر 50 روپے فی کلو مل رہی ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔