اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
برائلر چکن کی قیمت میں 53 روپے 16 پیسے کا اضافہ ہوا، باسمتی چاول کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 2 پیسے اضافہ ہوا جبکہ ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 78 روپے 82 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حالیہ ہفتے پیاز 5 روپے 7 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں مٹن 9 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا، کیلے فی درجن 3 روپے 45 پیسے مہنگے ہوئے۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں 9 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 19 کی قیمتیں مستحکم رہیں، آلو فی کلو 2 روپے 3 پیسے سستے ہوئے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 21 روپے 78 پیسے سستا ہوا جبکہ انڈے فی درجن 3 روپے 67 پیسے سستے ہوئے۔