ٹنڈو محمد خان: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ تحریک انصاف کا سندھ فتح کرنا ایک خواب ہے، ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔
ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات کسی صورت ممکن نہیں ہیں، ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، ملک میں مہنگائی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ مخالفین ہر روز نیا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، عمران خان ملک میں انتشار پھیلانے اور خون خرابے کی سیاست کر رہا ہے، سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدے کئے، موجودہ حکومت کا آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے۔ اس وقت قومی اسمبلی میں تاریخ کا بدترین ماحول ہے، تحریک انصاف اگر استعفے دے بھی دے تو الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ممکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے دلوں میں بستی ہے اور سندھ کے عوام ہرگز عمران خان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ان کے خدشات دور کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری و دیگر بھی موجود تھے، بعد ازاں انہوں نے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری سے ان کی کزن کے انتقال پر تعزیت کی۔