شہباز، زرداری اور عمران خان ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہیں: سراج الحق

Published On 08 January,2023 03:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہیرو شیما کے بعد جاپان معاشی طور پر سپر پاور بن گیا لیکن تین سیاسی ایٹم بم شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان تینوں ٹرائیکا ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں۔

مہنگائی کنونشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی ٹرائیکا نے توشہ خانہ، ایوانوں، عدالتوں، معیشت، صنعتوں، اخلاقیات اور تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا، ٹرائیکا نے ملکی نظریے سے غداری کرکے مل کر کشمیر کو بیچا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری، شہباز شریف اور عمران خان بار بار امریکا گئے جہاں بائیڈن اور ٹرمپ سے ملے، ٹرمپ سے ایک بار بھی ڈاکٹر عافیہ کی حوالگی کی بات نہیں کی، ڈاکٹر عافیہ پر ہونے والے مظالم کے ذمہ دار اگر بش، اوباما اور کلنٹن ہیں تو اسی طرح سیاسی ٹرائیکا بھی ذمہ دار ہے جس نے عافیہ کے لئے ایک لفظ استعمال نہ کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ یہ وطن فروش ہیں جنہوں نے یوسف رمزی کو فروخت کیا، ابھینندن کو بزدل حکمرانوں نے بھارت کے حوالے کر دیا، حکمرانوں نے ملا عبد السلام اور عبدالسعید کو امریکا کے حوالے کیا، امریکا کے خلاف ایک بار عمران خان نے بیان دیا تو فواد چودھری کو امریکی قونصل خانہ بھیج کر معافی بھی مانگی۔

امیر جماعت ںے کہا کہ وہ جرنیل بھی اللہ کو جواب دیں گے جنہوں نے درندوں کو قوم کے سروں پر بٹھایا اور اژدھا بن کر قوم کو ڈسا، پنجاب میں پرویز الہٰی کی حکومت ہے تو جرنیلوں نے کہا عمران خان کا ساتھ دیں، مرکز میں پی ڈی ایم کی حکومت ہے، ایم کیو ایم اور باپ کو اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے ہے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کے منہ سے اسٹیبلشمنٹ کا فیڈر ہٹا دیا جائے تو مصنوعی لیڈر ختم ہو جائیں، اگر جماعت اسلامی کو موقع ملا تو کرپٹ حکمرانوں کو اڈیالہ اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈالیں گے، نوجوانوں کو بے روزگاری الاؤنس اور بڑھاپا الاؤنس دیں گے۔

Advertisement