کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کی سیاست میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے، صوبے کے اہم سیاسی اسٹیک ہولڈرز پہلی مرتبہ یک نکاتی ایجنڈا پر متفق ہو گئے۔
5 سال بعد پہلی مرتبہ پی ایس پی، ایم کیو ایم قیادت اور فاروق ستار کا مشترکہ اجلاس ہوا ہے جس میں کراچی کی حلقہ بندیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق سندھ کے شہری اضلاع میں ایم کیو ایم، پی ایس پی اور فاروق ستار مشترکہ احتجاجی تحریک کا حصہ ہوں گے۔
اجلاس کے دوران پی ایس پی، ایم کیوایم اور فاروق ستار نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے معاملے پر تمام قانونی آپشنز اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پوری سیاسی قوت کے ساتھ حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاج میں شریک ہوں گے۔
تمام رہنماؤں کی جانب سے ایک پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کرنے کے ضمن میں ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا، شہریوں کے حقوق کیلئے توانا، مشترکہ آواز اٹھائی جائےگی، خیال کیا جا رہا ہے کہ مشترکہ اجلاس سندھ کی سیاست میں بڑا بریک تھرو ثابت ہو گا۔