ریلی انتخابی نہیں، پارٹی کی سیاسی سرگرمی تھی، سعید غنی کا الیکشن کمیشن میں جواب

Published On 10 January,2023 04:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی بارے الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی انتخابی نہیں تھی بلکہ پارٹی کی سیاسی ریلی تھی۔

 

سعید غنی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس ساؤتھ الیکشن کمیشن پہنچ گئے، انہوں نے متعلقہ مانیٹرنگ آفیسر کو دستاویزی شواہد فراہم کیے، شواہد کے تحت ریلی انتخابی نہیں بلکہ پارٹی کی سیاسی ریلی تھی، الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کوئی بھی وزیر الیکشن مہم نہیں چلا سکتا، البتہ اس میں پارٹی کی سیاسی سرگرمی کی کوئی پابندی نہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ متعلقہ کمشنر و ڈپٹی کمشنرز کے اجازت نامے ثبوت ہیں کہ ریلی انتخابی نہیں تھی، مانیٹرنگ آفیسر نے سعید غنی کو تحفظات تحریری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر سعید غنی کو ریلی نکالنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کا متن تھا کہ اس وقت انتخابی ریلی نکالنا الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
 

Advertisement