پی اے سی نے آؤٹ سورس ٹرینوں سے ٹیکس وصولی کا معاملہ سیکرٹری خزانہ کو بھجوا دیا

Published On 10 January,2023 09:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے آؤٹ سورس کی گئی ٹرینوں کی انتظامیہ سے ٹیکس وصول نہ کرنے کا معاملہ سیکرٹری خزانہ کو بھجوا دیا، ایک ماہ میں معاملہ کو حل کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نور عالم کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکرٹری ریلوے کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے آؤٹ سورس کی گئی ٹرینوں سے ٹیکس وصول نہیں کرے گی جبکہ آڈٹ حکام نے کہا کہ ایف بی آر نے ریلوے اکاؤنٹ منجمد کر کے ایک ارب 39 کروڑ روپے خود ہی لے لیے ہیں۔

اس کے علاوہ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان طلب کرنے پر پیش ہوئے، چیئرمین نور عالم نے ان سے سوال کیا کہ آئی جی صاحب کیا آپ کو ملک میں تھریٹ کا علم ہے؟ کوئی معلوم نہیں کون لاجز میں آتا اور جاتا ہے، میریٹ ہوٹل کے سامنے پارکنگ سکیورٹی تھریٹ ہے۔

چیئرمین نور عالم خان نے ریڈ زون کی عمارتوں میں مستقل آنے والوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گدا گروں کے روپ میں بھی کارروائیاں کر سکتے ہیں، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے ہدایات پر فوری عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
 

Advertisement