لاہور : ( دنیا نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ دینے پر میں پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے لوگوں سمیت مجلس وحدت المسلمین اور بلال وڑائچ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) لیگ والوں نے پچھلے ایک ماہ سے شور کیا ہوا تھا، یہ بارات لے کر آئے تھے ان کی ڈولی اور جھولی خالی ہو گئی ہے ، اب ن لیگ رائے ونڈ کے ایک کونے کی جماعت رہ گئی ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ ن لیگ نے بے چارے گورنر کو بھی کہیں کا نہیں چھوڑا ،ان کی اپنی تو عزت ہے ہی نہیں اور اس شریف آدمی کی عزت بھی خاک میں ملا دی ،میں ان سے کہتا ہوں اب دلیر بنو، شکست کو تسلیم کرو،لیکن انہوں نے یہاں لیٹنا شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ ہماری جو وکلا کی ٹیم ہے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، ساری لیگل ٹیم نے محنت کی ، عدالت میں ثابت کیا کہ گورنر کا آرڈر غیر قانونی ہے، اللہ نے کرم کیا اور 186 ووٹ سامنے آئے ہیں ، آج ن لیگ کو صحیح طور پر سرپرائز ملا ہے ان کو اندازہ نہیں تھا آج کیا ہونا ہے ، کئی روز سے ماڈل ٹاؤن کے لیڈر نے ان کو ساتھ ملایا ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے لیڈر کہتے ہیں کہ ہم مانگ کر لے آئے ہیں یہ منگتے ہیں ، یہ قائد اعظم کی وراثت کے قابل نہیں ہیں ، ایک ہی لیڈر ہے وہ عمران خان ہے ، تمام وزرا کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ن لیگ کی عادت خرید و فروخت ہے مگر ان کو پتہ چل گیا ہے کہ یہ بکاو مال نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سن لو ن لیگ والو تم خریدو فروخت کا کام کرتے ہو پی ٹی آئی والے بکائو مال نہیں ہیں ، عمران خان کی ٹیم کی قیادت میں اسد عمر ، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر ، عمر چیمہ ، حافظ فرحت عباس، زلفی بخاری کا مشکور ہوں، اپنی خواتین کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں زندہ باد کہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں دین کا کام ہوگا، جو پہلے بھی ہوا ہے ، پہلی سے پانچویں سے ناظرہ اور ایف اے تک قرآن کریم ترجمہ تک پڑھایا جائے گا۔