لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم پاکستان کے توانائی بچت پلان کے مطابق اوگرا نے گھریلو صارفین کے لیے روایتی گیس گیزر میں کونیکل بیفل کی تنصیب لازمی قرار دے دی، اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں جلد ہی گھر گھر معائنے کا آغاز کریں گی۔
اوگرا نے کونیکل بیفل کی تنصیب لازمی قرار دیے جانے کی گیس کمپنیز کی درخواست کو منظور کرلیا ہے، گیزر میں کونیکل بیفل کی تنصیب سے گیس بل میں 20 سے 25 فیصد تک بچت ممکن ہو سکے گی جس سے ملک میں جاری گیس بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
سوئی ناردرن گیس کی ٹیمز جلد ہی گھر گھر معائنے کا آغاز کریں گی تاکہ گیزر میں کونیکل بیفل کی تنصیب کو یقینی بنایا جا سکے، اگر کسی صارف کے گیزر میں کونیکل بیفل نہ پایا گیا تو سوئی ناردرن گیس کی جانب سے گیزر میں کونیکل بیفل نصب کی جائے گی، کونیکل بیفل کی قیمت گیس بل کے ذریعے بارہ آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی۔
سوئی ناردرن گیس نے صارفین سے تعاون کی درخواست کی ہے تا کہ کونیکل بیفل کی جلد از جلد تنصیب یقینی بنائی جا سکے جس سے صارفین کو گیس کے استعمال میں بچت ہو سکے گی، اس طرح وزیر اعظم پاکستان کے توانائی بچت کے وژن کے مطابق قدرتی گیس کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔